گوہاٹی، 23؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)آسام میں آج 3.1اور 5.5شدت والے زلزلے کے دو جھٹکے محسوس کئے گئے۔فی الحال جان ومال کے کسی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گوہاٹی اور ریاست کے دیگر مقامات پر 3.1شدت کا پہلا جھٹکا صبح پانچ بج کر30منٹ پر آیا۔اس کا مرکز ریاست کے کاربی آنگ لانگ ضلع میں زمین سے دس کلومیٹر نیچے تھا۔دوسرا درمیانی شدت کا جھٹکا صبح سات بج کر 41منٹ پر آیا اور اس کا مرکز ہندوستان -میانمار کے علاقے میں زمین سے 100کلومیٹر نیچے تھا۔شیلانگ سے موصولہ اطلاع کے مطابق میگھالیہ اور زیادہ تر شمال مشرقی علاقے میں بھی درمیانی شدت کا ایک جھٹکا محسوس کیا گیا ہے۔یہاں کے علاقائی زلزلہ سائنس سینٹر کے حکام نے میڈیا کو بتایا کہ صبح تقریبا سات بج کر 11منٹ پر 5.5کی شدت کا جھٹکا محسوس کیا گیا اور اس کا مرکز منی پور کے نزدیک میانمار میں تھا۔یہاں بھی جان ومال کے کسی نقصان کی خبر نہیں ہے۔